بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاعات پر آپریشن، بھارتی سرپرستی والے 12 دہشتگرد ہلاک

7

راولپنڈی، 4ستمبر(اے پی پی ):سیکیورٹی فورسز نے 02 ستمبر 2026 کو بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندستان کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی جس کی نگرانی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری سرجیکل کارروائی کے ذریعے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔ کارروائی میں بھارت کے سرپرستی یافتہ تمام 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کر کے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔علاقے میں کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ ویژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف بلا تعطل مہم پورے زور و شور سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔