حکومت معیشت کو استحکام سے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب لے جانے کے لیے پرعزم ہے: محمد اورنگزیب

5

اسلام آباد04 ستمبر(اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے معیشت کو استحکام سے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے زیر اہتمام ’’نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے‘‘ کے حوالے سے قومی تزویراتی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ساختی اصلاحات کے تسلسل، نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے مالیاتی اور بیرونی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جبکہ ایف بی آر میں افرادی قوت، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے اصلاحات کے نتیجے میں محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرکاری اداروں کی بہتری اور نجکاری ایک دوسرے سے منسلک ہیں، اس لیے ان شعبوں میں جامع اصلاحات ضروری ہیں۔ حکومت نجی سرمایہ کاری، پرائیویٹ ایکویٹی اور وینچر کیپیٹل کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس کا اظہار حالیہ بین الاقوامی سرمایہ کاری سے بھی ہوتا ہے۔ حکومت کا مقصد معاشی ترقی کی رفتار مزید بڑھانا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا ہے۔