لاہور، 4 ستمبر (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔ اجلاس میں حکومتی فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت، بلدیاتی انتخابات، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران پنجاب حکومت نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں، جبکہ مکمل ہونے والے منصوبوں اور جاری فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کے باعث اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے، جبکہ نئے کارخانے لگنے سے لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ گجرات میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ اربوں روپے کی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
چوہدری شافع حسین نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ منتخب نمائندے پنجاب اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی میں بھرپور حصہ لے کر عوام کی نمائندگی کا حق ادا کریں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ان کے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہماری پہچان ہے اور اس شناخت کو ہمیشہ برقرار رکھنا ہے۔ پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کو ہر سطح پر منظم اور مضبوط کیا جائے گا۔ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری اور عوامی خدمت کی سیاست کی، ہم اسی شرافت اور عوامی خدمت کی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمت کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ کو عوام کی مقبول ترین سیاسی جماعت بنائیں گے اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار لوگوں کو پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ انہیں اپنی اعلیٰ قیادت پر فخر ہے جو ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں ارکان اسمبلی سید مدد علی شاہ، اعجاز رنیہ، خالد اصغر گورال، حسن عسکری، عبداللہ یوسف، سلمیٰ ہاشمی، تاشفین صفدر اور ثمرین تاج نے شرکت کی۔











