سامورانہ ویٹرنری ہسپتال میں جدید طبی و سرجیکل سہولیات کا افتتاح

4

ملتان،12 ستمبر(اے پی پی ):صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی نے ایڈوانس سول ویٹرنری ہسپتال سامورانہ میں جانوروں کے علاج معالجے کے لیے جدید ترین ایکسرے مشین، آپریشن تھیٹر، سرجیکل سہولیات اور موبائل ویٹرنری یونٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ، کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور سپیشل سیکرٹری ساؤتھ اسد نعیم بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی جدید طبی و سرجیکل سہولیات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ جدید ایکسرے مشین کی تنصیب سے جانوروں کے مختلف امراض اور ہڈیوں سے متعلق مسائل کی بروقت تشخیص ممکن ہو گی، جبکہ جدید آپریشن تھیٹر اور سرجیکل سہولیات کے ذریعے پیچیدہ نوعیت کے کیسز کا بہتر علاج کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت صوبہ بھر میں لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی، مویشی پال حضرات کی خوشحالی اور جانوروں کو جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ مویشی پال افراد کو ان کی دہلیز پر معیاری ویٹرنری خدمات میسر آئیں تاکہ لائیو سٹاک سیکٹر کی پیداوار میں اضافہ اور دیہی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ لائیو سٹاک پنجاب کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس شعبے سے لاکھوں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بہتر تشخیصی سہولیات اور مؤثر ویٹرنری سروسز کے ذریعے جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور مویشی پال حضرات کے نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ویٹرنری یونٹ کے ذریعے دور دراز علاقوں میں موجود مویشی پال حضرات کو بھی ان کی دہلیز پر ویٹرنری خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے جانوروں کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مویشی پال افراد کی آمدن اور معاشی استحکام میں بھی بہتری آئے گی۔