صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیرِ صدارت اجلاس

5

لاہور، 26 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر کی سروس ڈلیوری مؤثر بنانے اور این جی اوز کی رجسٹریشن، ریگولیشن اور مانیٹرنگ کے نظام میں اصلاحات کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر کی زیر صدارت نئے تعینات ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں این جی اوز کی رجسٹریشن اور ریگولیٹری ایس او پیز پر نظرثانی، بینک اکاؤنٹس کی تصدیق اور مقامی و بین الاقوامی منصوبوں کی منظوری کے لیے فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

سہیل شوکت بٹ نے پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی، تربیتی پروگراموں، آمدن اور مارکیٹ لنکیجز پر دو ہفتوں میں جامع پریزنٹیشن پیش کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے میڈیکل سوشل سروسز یونٹس میں مستحق مریضوں کو بروقت طبی سہولیات اور مالی معاونت کی فراہمی بہتر بنانے پر زور دیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے لیے روٹیشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی ایک ہسپتال میں تعیناتی کی مدت دو سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر نے عوامی مسائل کے بروقت حل اور فلاحی خدمات کی فراہمی مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔