ملتان، 28 ستمبر (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زیر تعمیر ملتان لودھراں روڈ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے کمشنر کو روڈ کے مختلف سیکشنز، روڈ بیس، تعمیراتی میٹریل اور سٹرکچرز پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں کو بتایا گیا کہ 62 کلومیٹر طویل ملتان لودھراں روڈ منصوبہ ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے، جس کی تکمیل کی ڈیڈ لائن جنوری 2027 مقرر ہے۔اس موقع پر کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ روڈ کی تعمیر کے ساتھ سٹرکچرز، سروس روڈز اور ڈرینز کا کام بھی متوازی طور پر مکمل کیا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور منصوبے کی نگرانی مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے۔











