اسلام آباد،5 اکتوبر (اے پی پی):بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے 153ویں اسمبلی اجلاس کے دوران ایشیا پیسیفک جیو پولیٹیکل گروپ کے اجلاس میں پاکستان نے بنگلہ دیشی امیدوار جشرت عادیب چودھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا، جو بعد ازاں اکثریتی ووٹ حاصل کر کے آئی پی یو ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن منتخب ہو گئیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے اس اہم انتخابی عمل میں بنگلہ دیشی امیدوار کی بھرپور حمایت کی۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد چیئرمین سینیٹ نے جشرت عادیب چودھری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایشیا پیسیفک خطے کی پارلیمانوں کے باہمی تعاون کا پختہ حامی ہے اور عالمی پارلیمانی فورمز پر خطے کی اجتماعی آواز کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی وفد کا ماننا ہے کہ پارلیمانی سفارت کاری باہمی مکالمے اور مفاہمت کا ایک انتہائی مؤثر ذریعہ ہے، اور موجودہ علاقائی و عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے پارلیمانی تعاون ناگزیر حیثیت رکھتا ہے۔











