ملتان،6 اکتوبر(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے برانڈ روڈ کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور زیرِ زمین الیکٹریفکیشن کے کام میں تاخیر پر میپکو کے کنٹریکٹر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبے میں غیر ضروری تاخیر سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ تعمیراتی کام بھی متاثر ہورہا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے موقع پر متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر سے منصوبے پر پیش رفت، افرادی قوت، مشینری اور باقی ماندہ کام کے مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ برانڈ روڈ منصوبے کا 71 فیصد سے زائد سول ورک مکمل ہوچکا ہے، تاہم زیرِ زمین بجلی کی تنصیبات کا کام مکمل نہ ہونے کے باعث باقی ماندہ سول ورک آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔
کمشنر نے کہا کہ برانڈ روڈ پر پہلی مرتبہ زیرِ زمین الیکٹریفکیشن کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے تحت بجلی کی کیبلز زیرِ زمین بچھانے، کیبل ٹرمینیشن اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹریفکیشن کا کام بروقت مکمل کیا جانا ضروری تھا تاکہ سڑک کے باقی حصے، گرین ایریاز اور دیگر تعمیراتی کام مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جاسکیں۔
انہوں نے میپکو کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ زیرِ زمین کیبلز، ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور دیگر متعلقہ کام آئندہ چند روز میں ہر صورت مکمل کیا جائے اور کام کی رفتار بڑھانے کے لیے اضافی افرادی قوت اور مشینری موقع پر تعینات کی جائے۔
کمشنر نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ منصوبے کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے اور کام میں کسی قسم کی سستی یا تاخیر نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت میں الیکٹریفکیشن کا کام مکمل نہ کیا گیا تو ذمہ دار کنٹریکٹر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم، اے ڈی جی ایم ڈی اے عطاء الرحمن اور دیگر متعلقہ افسران و حکام بھی موجود تھے۔











