ملتان :غلہ منڈی میں سرکاری نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن، 114 دکانیں سربمہر

2

ملتان، 6 اکتوبر(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ نے غلہ منڈی ملتان میں سرکاری واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 114 دکانیں سربمہر کردی ہیں۔ کارروائی ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر کی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے کی۔

انتظامیہ کے مطابق غلہ منڈی ملتان میں 114 کرایہ نادہندگان کے ذمہ مجموعی طور پر 10 کروڑ 19 لاکھ 21 ہزار 862 روپے کے واجبات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی وصولی کے لیے نادہندگان کو ریکوری کا الٹی میٹم بھی جاری کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔