پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی ویک 2026، علی ڈار کی شرکت

12

لاہور، 28 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت (اے آئی) و خصوصی اقدامات علی ڈار نے پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی ویک 2026 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال پر گفتگو کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، طلبہ جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کے ساتھ اس کے درست، محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کو بھی ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں درست اور غلط معلومات میں فرق کرنا اور ہر خبر کی تصدیق کرنا ناگزیر ہے۔ ڈیپ فیکس اور گمراہ کن معلومات سے بچاؤ کے لیے نوجوانوں میں میڈیا اور ڈیجیٹل آگاہی کو فروغ دیا جائے گا۔

علی ڈار نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تکنیکی مہارت کے ساتھ تنقیدی سوچ اور درست فیصلہ سازی بھی ضروری ہے۔ طلبہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر معلومات شیئر کرتے وقت اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور غیر مصدقہ مواد پھیلانے سے گریز کریں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کو تعلیم، تحقیق اور معاشرتی بہتری کے لیے استعمال کریں اور ٹیکنالوجی کو انسانی اقدار کے تابع رکھیں۔

 علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے ساتھ اس کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔