وزیراعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت  دانش اسکولز کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے  اجلاس منعقد

9

لاہور،31 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے بذریعہ زوم آن لائن جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور  دانش اسکولز ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔دانش سکولز کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ دانش اسکولز میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔وزیراعظم نے دانش اسکولز کی بروقت تکمیل کے لئے  تعمیر کا کام تیز کرنے اور  تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی جدید طریقہ کار اپنایا جائے۔

وزیراعظم نے دانش اسکولز کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور خدمات کے معیار کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی  ہدایت کی۔

وزیراعظم نے وزارت مواصلات کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں تک آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا بہترین نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں ضم شدہ اضلاع  میں دانش سکولوں کی تعمیر کے لیے حکمت عملی جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش سکولوں کی تعمیر کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔