کوئٹہ، 02 نومبر (اے پی پی):بلوچستان کے 31اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ؤکے قطرے پلانے کے لیے سات روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔کوئٹہ میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی)میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کاافتتاح کیا۔سیکرٹری صحت نے کہاکہ بلوچستان میں سال2026کی 5ویں مہم شروع ہوگئی ہے اور ،بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق مہم کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں بچوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے 8 ہزار 888 ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔مہم کے دوران 658 یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچا ؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مقررہ ویکسینیشن مراکز اور آمدورفت کے اہم مقامات پر بھی ٹیمیں تعینات ہوں گی تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔مہم میں 583 فکسڈ سائٹ ٹیمیں اور 397 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، جو سفر کرنے والے خاندانوں کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ مہم کوئٹہ کے مشرقی اور مغربی اضلاع کے علاوہ چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، خضدار، حب، چاغی، خاران، نوشکی، ژوب، لورالائی، دکی، بارکھان، کوہلو، موسی خیل، شیرانی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، کچھی، جھل مگسی، نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، اوستہ محمد، برشور،قلات ، سیوی، ڈیرہ بگٹی نارتھ اور ساوتھ کے مختلف علاقوں کے علاقوں میں چلائی جائے گی۔انعام الحق نے کہا کہ خطے میں پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی بدستور تشویش کا باعث ہے، ان کے مطابق پڑوسی ملک افغانستان میں پولیو کے تقریبا 50 کیسز جبکہ پاکستان میں سات کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے باعث بچوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات ضروری ہیں۔











