کوئٹہ، 02 نومبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)کے چیئرمین انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ریاست کا پختہ عزم ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرکے ان کے لیے روزگار کے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں، نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے فنڈز اور وسائل کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کے دورے کے موقع پر ویمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیوٹیک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نادیہ کریم ساہو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ویمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی، سیکرٹری محنت و افرادی قوت صالح محمد ناصر اور ایم ڈی بی ٹیوٹا عبد الکبیر زرکون نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ سردار بابا غلام رسول عمرانی سے ملاقات کے دوران بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت کی فراہمی، مقامی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگراموں کے فروغ اور بی ٹیوٹا کے اشتراک سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادارے کی پرنسپل شبنم ناز نے چیئرمین نیوٹیک اور دیگر حکام کو ادارے کی کارکردگی، جاری تربیتی پروگراموں اور مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ چیئرمین نے زیر تربیت طالبات سے بھی براہ راست ملاقات کی۔انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ بلوچستان کے دورے کا بنیادی مقصد صوبے کے مقامی حالات اور ضروریات کے مطابق فنی تربیت کے پروگراموں کو مزید مثر بنانا اور ان کا دائرہ کار کئی گنا بڑھانا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے نوجوانوں میں فنی مہارتوں کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر اسکلز ریوولوشن لانا چاہتی ہیں، جس کے تحت نوجوانوں کو صوبے کے سرکاری و نجی تربیتی اداروں کے علاوہ پنجاب، وفاقی دارالحکومت اور ملک کے دیگر شہروں میں قائم بہترین تربیتی اداروں سے بھی مستفید کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کے قیام، کھانے پینے، سفر اور دیگر تمام ضروری اخراجات برداشت کرے گی تاکہ انہیں تربیت کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم پاکستان کا واضح پیغام ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی فنی ترقی کے لیے وسائل کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اور فنی تربیت کے لیے خصوصی اقدامات کرنے پر چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔دورے کے موقع پر ڈی جی نیوٹیک ڈاکٹر حسین بخش مگسی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











