وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کوپ31 کے موقع پر فن لینڈ کے صدر سے ملاقات

8

انطالیہ، 12 نومبر (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31 )کے 31 ویں اجلاس کے موقع پر فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات کی۔

 ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور فن لینڈ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم و ہنرمندی کے فروغ، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل پر مبنی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں نوکیا، وارٹسلا، میٹسو اور ویسالا سمیت فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ٹیلی کمیونیکیشن، جدید مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ٹیکنالوجیز اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب کی پیشگی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور بروقت انتباہی نظام کے شعبوں میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مذاکرات، ثالثی اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے یوکرین اور مغربی ایشیا کے تنازعات کے پُرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 صدر الیگزینڈر اسٹب نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کی سہولت کاری میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مزید قابل عمل اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر الیگزینڈر اسٹب کو باہمی طور پر موزوں وقت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔