اسلام آباد، 16 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ترکمانستان کے ہم منصب اناگیلدی ساپاروف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ توانائی تعاون، علاقائی گرڈ کنیکٹیویٹی اور ترکمانستان-افغانستان-پاکستان (ٹاپ) منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے ترکمان وزیرِ توانائی کو کاسا-1000 منصوبے کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تاجکستان اور کرغزستان کو کاسا-1000 لائن ازبکستان و ترکمانستان تک بڑھانے کی ترغیب دی ہے، گوادر میں مستقبل کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکمانستان باہمی اشتراک سے ایرانی گرڈ کے ذریعے گوادر میں بجلی کی ترسیل بڑھانے کا جائزہ لیں، ایران کے راستے بجلی کی ترسیل بڑھانے کے امکانات پر دونوں ممالک کے ماہرین کا مشترکہ گروپ غور کر سکتا ہے۔پاکستان علاقائی توانائی منڈیوں کے انضمام اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے،
ٹاپ اور کاسا-1000 منصوبوں کی کامیابی کے لیے معاشی و مالیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
پاکستان اس وقت بجلی کی پیداوار میں سرپلس ہے اور مسابقتی توانائی منڈی متعارف کروا رہا ہے، کاسا-1000 منصوبے کو یکطرفہ کی بجائے دوطرفہ بنانے سے معاشی و مالیاتی پائیداری میں اضافہ ہوگا۔ ٹاپ منصوبے کے 7 بنیادی ڈیٹا سیٹس میں سے پاکستان 3 فراہم کر چکا، ترکمانستان سے بھی معلومات کے تبادلے میں تیزی درکار ہے۔
ترکمانستان کے وزیرِ توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ٹاپ پاور ٹرانسمیشن منصوبے کی تکمیل کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ٹاپ منصوبے کے ذریعے خطے کے 30 کروڑ سے زائد عوام کو بجلی فراہم کی جا سکے گی،
ترکمانستان افغانستان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے۔











