کوئٹہ، 17 نومبر(اے پی پی) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیبلوچستان کے زیرِ اہتمام جینڈر اینڈ چائلڈ سیل کے ذریعے ہنگامی حالات میں صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور متاثرہ افراد کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم صوبائی مشاورتی اجلاس کانفرنس ہال پی ڈی ایم اے کوئٹہ میں منعقد ہوا۔
اجلاس ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوری زئی کی ہدایات پر جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن نوید احمد کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں جی بی وی ایکسپرٹ مس انعم ملک مینگل، پروگرام اسسٹنٹ حماد الحق خان سمیت مختلف سرکاری محکموں اور انسانی ہمدردی کے شعبے سے وابستہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس کے علاوہ 16 روزہ مہم برائے انسداد تشدد 2026 کے حوالے سے مشترکہ منصوبہ بندی اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنے فوکل پرسنز نامزد کریں اور اپنی مجوزہ سرگرمیوں کی تفصیلات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط ہو، ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جا سکے اور متاثرہ افراد کو محفوظ، باوقار اور رازداری پر مبنی خدمات فراہم کی جا سکیں ۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور امدادی سرگرمیوں میں خواتین، بچیوں ، بچوں اور کمزور طبقات کے تحفظ، عزت و وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔











