اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی تجارتی وفد دسمبر میں مالدیپ کا دورہ کرے گا جس میں سرکاری حکام اور کاروباری نمائندے شامل ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ و تجارت محمد سعید کے ساتھ ورچوئل ملاقات کے دوران کیا جس میں وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان اور سیکریٹری تجارت جواد پال بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔ورکنگ گروپس تعمیراتی سامان، چاول، چینی، پھل، سبزیوں، ادویات اور ٹیکسٹائل سمیت ترجیحی شعبوں میں تجارت کے فروغ اور تجارتی و نقل و حمل سے متعلق امور کا جائزہ لیں گے۔
جام کمال خان نے تجویز دی کہ تجارتی وفد کے دورے سے قبل پاکستانی سپلائرز اور مالدیپ کے خریداروں کے درمیان ورچوئل ملاقات کا اہتمام کیا جائے تاکہ کاروباری روابط کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ورکنگ گروپس کے لیے رابطہ افسران مقرر کرنے اور ان کی ذمہ داریوں کے تعین پر بھی زور دیا۔
مالدیپ کے وزیر محمد سعید نے پاکستان کے ساتھ براہِ راست بحری رابطے اور ضروری اشیا کی درآمد میں تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ مناسب مقدار میں مال برداری کی دستیابی کی صورت میں کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سروس کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بندرگاہوں، ماہی گیری اور بحری تربیت کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کے مواقع اجاگر کیے۔
وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا کہ براہِ راست بحری رابطے سے تعمیراتی سامان اور ہوٹلوں کے لیے درکار اشیا کی تجارت کو فروغ مل سکتا ہے جبکہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کے لیے بھی مالدیپ کی منڈی میں برآمدات کے مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر جام کمال خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔











