روسی مصنف کی کتاب ’’ملیشیا رومانس‘‘ کے اردو ترجمے کی تقریبِ رونمائی

10

اسلام آباد 19 نومبر(اے پی پی): پاکستان میں روسی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام معروف روسی مصنف زاخار پریلیپین کے افسانوں کے مجموعے ’’ملیشیا رومانس‘‘ کے اردو ترجمے کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔

تقریب میں پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوروف، وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، مختلف ممالک کے سفرا اور علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط سفارتی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ثقافت، سائنس اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر ویڈیو پیغام میں روسی مصنف زاخار پریلیپین نے کتاب کے اردو ترجمے اور اشاعت میں تعاون پر روسی سفارت خانے اور پاکستانی ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

روسی سفیر البرٹ پی خوروف نے اپنے خطاب میں مصنف کی زندگی اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب یوکرین تنازع کے پس منظر، دونباس کے عوام کی جدوجہد اور اپنی تاریخی، ثقافتی و روحانی شناخت کے تحفظ کے عزم کو سمجھنے میں معاون ہے۔