اسلام آباد،19 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں، طلب و رسد اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ ملک میں ڈی اے پی کھاد کی دستیابی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کھاد کی من مانی قیمتیں وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ جب فیکٹری سطح پر کھاد کی قیمتیں مستحکم ہیں تو ڈیلرز کسانوں سے زائد قیمتیں کیوں وصول کر رہے ہیں؟ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ کسانوں کو منافع خور ڈیلرز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا اور ان کا معاشی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رانا تنویر حسین نے ڈیلرز کی من مانی قیمتوں پر کھاد کمپنیوں کی خاموشی کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کھاد کمپنیاں اپنے ڈیلرشپ نیٹ ورک کی مکمل ذمہ داری قبول کریں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی ناقص نگرانی اور انتظامی غفلت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ ضلعی انتظامیہ اور کھاد کمپنیاں قیمتوں کی مؤثر اور سخت نگرانی یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔
وفاقی وزیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور قیمتیں بڑھانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی کاشت کے دوران کسانوں کو مناسب نرخوں پر کھاد کی بلاتعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔











