چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ، ملکی و سیاسی امور پرتبادلہ خیال

223

اسلام آباد، 15 جولائی ( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی  اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان  پیر کے روز یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات  میں  وزیراعلیٰ پنجاب نے چیئرمین سینیٹ کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ سماجی ترقی کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور ملکی و سیاسی امور پر  تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا وفاق کی علامت ہے اور یہ ایوان صوبائی اکائیوں کی موثر انداز میں آواز اٹھاتا رہے گاتاکہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل جمہوریت میں پوشیدہ ہے اور جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ایوان بالاء صوبائی اکائیوں کی ترقی اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھر پور کوشاں ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے وفاق اور مختلف صوبوں کے مابین ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے اور ایوان بالاء اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےبتایا  کہ پنجاب کے منتخب نمائندوں کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی پر بھر پور اعتماد ہے اور چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد  کی ناکام ہونے کی امید ظاہر کی ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صوبائی اکائیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور طور پر کوشاں ہیں اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کیلئے ان کا کردار کلیدی ہے۔

 وی  این ایس ، اسلام آباد