دنیائے کرکٹ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے : سرفراز احمد

233

کراچی، 26 ستمبر (اے پی پی): پاکستان کرکٹ ٹیم  کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے پاکستان اور سری لنکن کرکٹ ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والے تین ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز سے قبل جمعرات کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بغیر ورلڈ کرکٹ ادھوری ہے، پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے  دنیائے کرکٹ پاکستان میں کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سیکورٹی اداروں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے گذشتہ دو سالوں سے پاکستان میں کرکٹ کھیلی جارہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کرکٹ سے وابستہ دیگر بورڈ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹرز کا پاکستان میں آکر کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے اور  وہی باہر جاکر بتائیں گے کہ پاکستان میں سیکورٹی کتنی بہتر ہے۔ انہون نے کہا کہ پاکستان میں جو کرکٹرز بھی آئے ان کے لئے پاکستان آنا خوش قسمتی کا سبب بھی بنا۔

سرفراز احمد نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ٹم پین ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لئے آئے اور اب وہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ یہ کہنا بہت آسان ہوتا ہے کہ ٹیم 400 سے زائد رنز بنالے گی، اس کے لئے بہت محنت کرنی پڑتی ہے لیکن ہماری کوشش ہو گی، کے سری لنکا کے خلاف میچوں میں بڑا اسکور کریں۔ انہوں نے کہا کہ بڑا اسکور کرنے میں ابتدائی چار بیٹسمینوں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، پچھلے چند سال میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے اور اپنی کرکٹ کو بہت بہتر کیا ہے، ٹیم بڑا اسکور کرنے کی پوزیشن میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم بڑا اسکور کر لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے ون ڈے میچ کے لئے فائنل الیون کا ذہن بنالیا ہے لیکن حتمی فیصلہ میچ شروع ہونے سے قبل وکٹ دیکھ کیا جائے گا، محمد رضوان کو ٹیم میں بطور مڈل آرڈر بیٹسمین شامل کیا گیا ہے جبکہ وہ وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔ اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ وہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے کیونکہ تین نمبر پر بابراعظم اور چار پر حارث سہیل بیٹنگ کرنے آئیں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم ان کا ہوم گراؤنڈ ہے اور یہاں پر پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے، وہ پہلے یہاں ٹی ٹوئنٹی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ تماشائی اس بار بھی ایسے ہی جوش کا مظاہرہ کریں گے جیسا پہلے کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصباح الحق مختلف انداز کے کوچ ہیں اور انہوں نے ہر کھلاڑی کو اپنا نیچرل گیم کھیلنے کا مشورہ دیا ہے، کھلاڑیوں کی کوشش ہوگی کہ جو اعتماد کوچ نے دیا ہے اور پر پورا اترنے کی کوشش کریں۔ ایک سوال کے جواب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن بورڈ نے اپنی قومی ٹیم پاکستان بھیجی ہے جو کہ انٹرنیشنل ٹیم ہے اور کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا جا سکتا، سری لنکا سے سیریز میں اچھے مقابلے کی توقع ہے۔

وی این ایس، کراچی