اسلام آباد،25 فروری(اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں دفتر خارجہ میں میڈیا سٹریٹجی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور ڈاکٹر شہباز گل سمیت سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد طاہر حسن اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ میڈیا سٹریٹجی کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے،ہمہ جہتی میڈیا سٹریٹیجی کے ذریعے ملک میں بہتر امن و استحکام کے حوالے سے اندرونی اور بیرونی دنیا کو آ گاہ کیا جائے گا،دنیا اور خاص کر خطے میں پاکستان کے مثبت کردار کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی، سیاسی، معاشی اور سیاحتی تناظر میں پیدا ہونے والے بہتر مواقعوں سے دنیا کو آ گاہ کیا جانا چاہیے۔
وی این ایس،اسلام آباد











