پنجاب کا کسان جتنا آج خوش ہے، ستر سالوں میں نہیں تھا،صوبے میں 309 ارب روپے سے زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے : فیاض الحسن چوہان

174

لاہور، 7 اپریل (اے پی پی):وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے زراعت پر مشاورتی اجلاس بلا کر خود کو سِکس ملین ڈالر میں ثابت کرنے کی کوشش کی، پنجاب کا کسان جتنا آج خوش ہے، پچھلے ستر سالوں میں نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے میں 309 ارب روپے سے زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے پہلی دفعہ گنے کا ریٹ 230 پلس اور ادائیگی یقینی بنائی گئی، زرعی ایمرجنسی کے تحت 35 ہزار کلومیٹر کے نالے اور کھالے پکے کیے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت کے پہلے ڈیڑھ سال میں 300 چھوٹے ڈیمز بنانے کے پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے، عثمان بزدار کی وزارتِ اعلیٰ میں چاول، گندم اور گنے کے کاشتکاروں کو جدید مشینری 50 فیصد سبسڈی پر دی گئی  جبکہ پنجاب میں چھوٹے کاشتکاروں کے لیے فی ایکڑ قرضوں کو دوگنا کر دیا گیا ہے اور  گنے کے کاشتکاروں کو اربوں روپے کے بقایا جات ادا کرائے گئے۔

 فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یہ بقایا جات ن لیگی دور میں شریف خاندان اور ان کے حواریوں کی شوگر ملوں کے ذمہ واجب الادا تھے،اس وقت ہر کاشتکار بہترین ریٹ اور سہولیات ملنے پر سردار عثمان بزدار کی حکومت کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں بزدار حکومت زراعت کے شعبے کی بھرپور خدمت کر رہی ہے،شہباز شریف رستم خان بننے کی ناکام کوشش نہ کریں۔

اے پی پی /لاہور/حامد