کور کمانڈرز کا کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والوں کو خراج تحسین

157

راولپنڈی ، 7 اپریل (اے پی پی): بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 231ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس دوران کور کمانڈرز نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، طبی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں  کور کمانڈروں نے متعلقہ ہیڈکوارٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے کور کمانڈر کانفرنس میں حصہ لیا۔ فورم نے جیو سٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کے ماحول کا جائزہ لیا جس میں خاص طور پر کوویڈ۔19 سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ فورم نے ملک بھر میں سول انتظامیہ کےلئے پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کا جامع جائزہ لیا۔ فورم کو کوویڈ۔19 پر قابو پانے کےلئے قومی کوششوں کو ہم آہنگی اور واضح کرنے کےلئے قائم کردہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے امور سے آگاہ کیا گیا۔

 بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں کی اب تک کی عملی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کےلئے وسائل کی ترسیل میں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کریں۔

فورم نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، طبی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فورم نے کشمیریوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس وباءکا مقابلہ کرتے ہوئے حق خودارادیت کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

اے پی پی /حمزہ/حامد