گورنر سندھ عمران اسماعیل کا ضلع جامشورو کا دورہ ، کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر، اسپتالوں میں سہولیات کی دستیابی، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے انتظامات کا جائزہ لیا

152

جامشورو ،22اپریل(اے پی پی ):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بدھ کو ڈپٹی کمشنر آفیس پہنچ کر ضلع جامشورو میں کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر، اسپتالوں میں سہولیات کی دستیابی، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، جمال صدیقی، سدرہ عمران، بلال غفار اور گورنر سندھ کے مشیر امید علی جونیجو ان کے ہمراہ موجود تھے۔گورنر سندھ  نے  احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں رقم کی تقسیم کے لئے طے کی گئی حکمت عملی اور دیگر معاملات سے متعلق متعلقہ افسران سے استفسار کیا ۔

 ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفی اور ڈائریکٹر جنرل احساس پروگرام عبدالرحیم شیخ نے گورنر سندھ کو احساس کفالت پروگرام اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جامشورو کے کوٹری، تھانہ بولا خان، سہون شریف اور مانجھند تعلقوں میں احساس پروگرام کے لئے 20 مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ضلع جامشورو میں احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحق افراد کی تعداد 84043ہے اور اور اس وقت 40793 افراد میں رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔

 گورنر سندھ نے ضلعی انتظامیہ جامشورو کی جانب سے آئسولیشن، قرنطینہ سینٹرز کے قیام اور راشن کی تقسیم کے عمل کو سراہا اور احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے دوران سماجی مفاصلے کو اختیار کرنے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعظم عمران خان کے ویژن  کا نتیجہ ہے، احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں رقم کی تقسیم کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے، اس پروگرام کی شفافیت قابل تعریف ہے جس پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور اس کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔