اسلام آباد،23 جون (اے پی پی): چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کورونا وائرس کی وبا سے اٹلی میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وبا کی صورت میں دنیا کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے، اٹلی میں ہونے والے جانی نقصان پر دلی افسوس ہوا، پاکستانی پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کرتا ہوں، پاکستان اس وبا پر قابو پانے کیلئے اٹلی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کا خواہش مند ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلی کے سفیر اندریز فراریز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مربوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا میں پاکستان اٹلی دوستی گروپ کو مزید فعال بنایا جائے گا،دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعاون کو بڑھانے کیلئے وفود کا تبادلہ ضروری ہے، حالات بہتر ہونے پر اطالوی ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری افراد کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ، اطالوی سرمایہ کار گوادر کا دورہ کر کے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا تجارتی شعبوں سے تعاون بہتر بنانے کیلئے بھی اطالوی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن معاونت کرے گا۔
ملاقات میں اٹلی کے سفیر نے کہا کہ صادق سنجرانی کی تجویز پاکستان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں معاشی اور سیاسی روابط کو بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وباں سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔
وی این ایس، اسلام آباد











