لاہور؛وزیراعلیٰ پنجاب  کا  یوم عاشورپر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ

246

لاہور، 29اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام اوریوم عاشورپر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے مختلف حصے دیکھے اور مرکزی کنٹرول روم سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اورجلوسوں کی جیوٹیگنگ کی گئی ہے۔سکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا  کہ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیا اور کہا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں 2لاکھ40ہزارسے زائد پولیس افسر و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔صوبہ بھر میں 676مقامات حساس قرار،سکیورٹی کو الرٹ کردیاگیاہے۔

انہوں نے  ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کوکھانا بروقت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ، انہوں نے کہا کہ  یوم عاشور پر پولیس انتظامیہ اوردیگر ا داروں میں اشتراک کار مثالی ہونا چاہیے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ جلوسوں کے پرامن منتشر ہونے تک پولیس اہلکار وں کو ڈیوٹی پر موجود رہنا چاہیے۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مرکزی کنٹرول روم میں کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئےافسروں اورعملے کی کارکردگی کی تعریف کی اور مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین بھی کی۔

y