لاہور،10 اکتوبر ( اےپی پی ): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ا فواج پاکستان ملک کی جمہوریت ، معیشت اور استحکام ہے اس کے خلاف جو سازشیں ہورہی ہیں اس میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں ،اپوزیشن سمجھ لے ملک میں کورونا وباءدوبارہ پھیلنے اور دہشتگردی کابھی اندیشہ موجود ہے ، پی ڈی ایم تشدد کی سیاست میں جارہی ہے ، مولانا فضل الرحمان مذہبی کارڈ کھیلنے جارہے ہیں لیکن انہیں اندازہ نہیں اس کے کیا نتائج نکل سکتے ہیں ، دہشتگرد تنظیمیں خانہ جنگی سمیت کچھ بھی کر سکتی ہیں ، سورج مشرق کی بجائے مغرب سے تو نکل سکتا ہے لیکن نواز شریف ،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے ،16مزید ٹرینیں نجی شعبے کو دینے جارہے ہیں ،اگر پرائیویٹ کمپنیوں نے کرائے بڑھائے تو چوبیس گھنٹے میں ٹرینیں واپس لے لیں گے ،ہم ایندھن کی مد میں ایک ارب روپے بچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ امریکی جریدے نے مودی حکومت کو دہشتگرد وںاور انتہا پسند وں کے ذریعے واقعات رونما کرنے والی حکومت ظاہر کیا ہے جس سے سیاست میں بہت بڑا بھونچال آیا ہوا ہے‘ میںنے اپوزیشن سے پچاس سوال کئے لیکن ایک کا بھی جواب نہیں آیا،اپوزیشن کوکہنا چاہتا ہوں کہ ملک میں کرونا وباءکے دوبارہ پھیلنے اور دہشتگردی کا اندیشہ ہے، پھریہ نہ کہا جائے کہ شیخ رشید نے یہ پہلے کہہ دیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بھرپور کوششیں ہو رہی ہیں ، پاکستان کی عظیم اور بہادر فوج کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں جس میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں ،پاک فوج پاکستان کی جمہوریت ،معیشت اوراستحکام ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی گزشتہ روز کی تقریر میں اپوزیشن کو واضح جواب دیدیا ہے کہ این آر او نہیں ملے گا،میں اپوزیشن کو تنبیہ کر ر ہا ہوں کہ ساری عمر پچھتائیں گے اور روئیں گے اور ٹانگوں کے نیچے سے ہاتھ نکال کر کان پکڑیں گے ،پاک فوج کا مصمم ارادہ ہے کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک گئے ہوئے تقریباً ایک سال ہونے والا ہے لیکن وہ ابھی تک ہسپتال داخل ہوئے اور نہ ان کا آپریشن ہوا ہے ، نواز شریف واپس نہیں آئیں گے ، ان کی کوشش ہے کہ کوئی گیم چل جائے اور پھر دوبارہ سعودی عرب والی کوئی چال چل جائے۔ انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم تشدد کی سیاست میں جا رہی ہے ، مولانا فضل الرحمن میرے لئے قابل احترام ہیں لیکن وہ مذہبی کارڈ کھیلنے جارہے ہیں، ہم ساری زندگی مذہبی کارڈ میں استعمال ہوئے ہیں ، ہم دینی مدارس کو دین کے عظیم مینار سمجھتے ہیں ،دنیا اب بہت بدل چکی ہے ، انہیں اندازہ ہی نہیں کہ اس کے کیا نتائج نکل سکتے ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ پاکستان جس معاشی اورسیاسی بحران سے گزر رہاہے ، جس طرح عالمی حالات ہیں سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، پاکستان کی ترقی اور سالمیت میں فوج کا ہاتھ ہے،جو فوج سے لڑ نے کیلئے نکل رہے ہیں وہ دشمن کے کہے ہوئے ہیں ، انہیں چاہیے کہ اپنی کارکردگی کے بارے میں سوچیں ورنہ ان کی داستان بھی نہ ہو گی داستانوںمیں۔ شیخ رشید نے کہاکہ مریم نواز اور نواز شریف نااہل ہیں ، شہباز شریف لمبا داﺅ لگانا چاہتے ہیں ،31دسمبر سے 20فروری 2021ءتک نتیجہ نکل آئے گا،فوج سویلین اور جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کبھی استعفےٰ نہیں دے گی ، ان کے پاس پنجاب میں کتنی نشستیں ہیں،اگر پیپلزپارٹی سندھ سے استعفےٰ دیتی ہے تو آصف زرداری اورکیا کریں گے ،اگلی بار انہیں سندھ بھی نہیں ملے گا۔ انہوںنے کہا کہ دہشتگردی بالکل ختم قرار نہیں دیتا ،دہشتگرد تنظیمیں خانہ جنگی یا کچھ اور کر سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے سے بات ہوئی وہ سمجھدار لگتا ہے ،مولانا فضل الرحمان کاکچھ نہیںجانا ۔ انہوںنے غداری کے مقدمے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پولیس اس کی تحقیقات کررہی ہے جو اس میں ملوث نہ ہوا اسے پولیس چھوڑ سکتی ہے ، اسی طرح وزیر اعظم آزاد کشمیر کا نام بھی نکالا جا سکتا ہے ، یہ معاملہ کابینہ میں بھی زیر بحث آیا ہے‘ عمران خان کو اس کا علم نہیں ، یہ معاملہ نچلی سطح پر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کے تحت جس طرح سازش ہو رہی ہے اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ فوج سو رہی ہے تو وہ بھول کا شکارہے۔ اپوزیشن جلسے جلوس کرے لیکن اگر کسی نے شر پسندی اور جلا ﺅ گھیراﺅ کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ ا نہوں نے کہاکہ سورج مشرق کی بجائے مغرب سے نکل سکتا ہے لیکن نواز شریف ، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی کوئی سیاست نہیں۔











