کراچی،17 جنوری(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ءحلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ملیر سے تحریک انصاف کی فتح ہوگی، پی ٹی آئی کے سابق امیدوار نے 16 ہزار 500 ووٹ لئے تھے جو کہتے تھے کراچی پر ایم کیو ایم الطاف حُسین کا قبضہ ہے ہم نے قبضہ چھڑا لیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر پی ایس 88 میں ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پی ٹی آئی ملیر بچا ﺅریلی سے قبل پی ٹی آئی رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملیر 1970 سے پیپلزپارٹی کا ہے، ملیر کی زمینیں کوڑیوں کے بھا ﺅ بیچ دی گئی، اب ملیر سے تحریک انصاف کی فتح ہوگی اور پیپلز پارٹی کے لئے شکست ہوگی ۔
اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ میں حلیم عادل شیخ کو سندھ اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جس کا با قاعدہ اعلان کل کر دیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا 2013 سے سندھ میں صفایا کر رہے ہیں، اسمبلی میں بول بول کر گلا خشک ہو گیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ لوگوں کو جگایا جائے یہ لو گ سندھ کارڈ کا استعمال کرتے ہیں اور ان کی کرپشن کے خلاف آواز اٹھا ئیں تو کہتے ہیں سندھ پر حملہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ ملیر کی زمین کوڑیوں کے دام دے دی گئی، جب تک پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی رہے گی، سندھ کا یہی حال رہے گا ۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ 16 فروری کو فیصلہ ہو جائے گا کہ دوسروں صوبوں کی طرح پیپلز پارٹی کو سندھ نے بھی ریجیکٹ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ملیر کے لوگوں سے سوال کرتا ہوں1970 سے پیپلز پارٹی ملیر سے کامیاب ہوتی آئی ہے1970 سے ملیر میں کتوں کا خاتمہ نہ کر سکی ؟ ملیر میں تاحال پانی فراہم نہ کر سکی؟ عمران خان کے نمائندے کو کامیاب بنائے ہم سب عمران خان کے نمائندے ہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی اُمید وار برا ئے PS-88 جانشیر جونیجو نے کہا کہ 16 فروری ملیر کے عوام کی جیت کا دن ہوگا۔











