قومی دولت ہڑپ کرنے والوں کو کسی صورت نجات نہیں ملے گی؛ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

77

سیالکوٹ،  17جنوری  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمہوریت اور احتساب لازم و ملزوم ہیں احتساب سے فرار کا واویلا کرنے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں لیکن قومی دولت ہڑپ کرنے والوں کو کسی صورت نجات نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز اثاثوں کا ہمالیہ پہاڑ کھڑا کرنے کرنے والوں کو اپنے جرائم کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں سندس فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں 12 کروڑ روپے جمع کرانے والے خواجہ آصف کی معصومیت ایک دوسرا خواجہ ثابت کررہا ہے جو لوہے کے چنے چبانے چیلنج  دیتا تھا لیکن اب اس کا اپنا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے اسی لیے اس نے سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب نہیں دیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سافٹ ویئر بھی جلد اپ ڈیٹ ہو جائے گا اور ان کے پھو لے ہوئے غبارے  سے ہوا نکل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج شریف فیملی کے کچھ گھریلو ملازم سیالکوٹ کے سب سے بڑے ٹھگ سے اظہار یکجہتی کرنے آئے جبکہ بڑا سیالکوٹی ٹھگ تو لاہور جیل میں ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں لوٹ مار کا بازار گرم کرنے،بیرون ملک مل دولت کے انبار لگانے اور رہائشی کالونیوں کی آڑ میں  اربوں روپے کے اثاثے سے جمع کرنے والے کے منہ سے پاکستان کی ہمدردی کا ذکر سن کے ہنسی آتی ہے۔انہوں نے کہاکہ خواجہ صاحب آپ کی حکومت اور موجودہ حکومت  میں بنیادی فرق یہ ہے کہ اب آپ جیسے کرپٹ فراڈیے اور جعلی حکمرانوں کی جگہ ایک دیانتدار اور شریف آدمی حکمران  ہے۔

انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کی شاندار خدمات پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے لیے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں وہ زمانہ طالب علمی سے ہی اس ادارے سے وابستہ ہیں اور اس کار خیر کو مرتبہ تک پھیلانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گی۔ انہوں نے امداد دینے والے مخیر افراد کے جذبے کو بھی سراہا اور کہا کہ اللہ کے بندوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور اپنا مال صرف کرنا انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے۔