ملتان،15جنوری(اے پی پی ): ضلع ملتان میں پانچ روزہ مہم کا آخری روز، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام مہم کی سو فیصد کامیابی کے لئے سرگرم رہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت پولیو مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی ایک قومی فریضہ ہے،وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ کرکے ہم نے ایک ذمہ دار قوم کا ثبوت دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالے سے ایک لمحے کی کوتاہی کی بھی گنجائش نہیں ہے،پولیو کے خلاف جہاد میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویکسین کے قطرے پینے سے رہ جانے والے آخری بچے تک پولیو ڈراپ پہنچنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔اس لئے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران مہم کی سو فیصد کامیابی کے لئے فیلڈ میں جائیں اور مانیٹرنگ کریں۔
اس موقع ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں پانچ سال سے کم عمر کے9 لاکھ بچوں کو پولیو ڈراپس پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا۔مہم کے پہلے چار یوم میں 8 لاکھ70 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا دیئے گئے ہیں اور اب تک مہم کا96 فیصد ٹارگٹ حاصل کرلیا گیا ہے۔
مہم کے آخری روز پولیو ٹیمیں سو فیصد ہدف حاصل کرنے کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں اور ٹیموں کو گھر پر موجود نہ ہونیوالے بچوں کو تلاش کرکے انہیں پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔
اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی سمیت ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔











