ضلعی انتظامیہ مارچ میں سپورٹس گالا اور جشن بہاراں کا میگا ایونٹ منعقد کرے گی؛ڈی سی ملتان

134

ملتان، 20فروری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مارچ میں سپورٹس گالا اور جشن بہاراں کا میگا ایونٹ منعقد کرے گی، سپورٹس گالا میں نیزہ بازی،کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے ایم سی جی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرا الیون اور آرٹسٹ الیوں کے مابین کھیلے جانےوالےٹی ٹوئنٹی میچ میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔

 ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا کے اس گھٹن زدہ ماحول میں کھیلوں کی سرگرمیاں تازہ ہوا کا جھونکا ہیں، کورونا وباء کے دور کو الوداع کہنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا اور جشن بہاراں  میلہ میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے ایونٹس بھی منعقد کئے جائیں گے، ان ایونٹس کو یادگار بنایا جائے گا۔

 پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا سپورٹس کا فروغ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے،کرکٹ گراونڈ سپورٹس کمپلیکس کی بحالی کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں ہاکی کا سنتھیٹک ٹرف پر مشتمل گراونڈ زیر تعمیر ہے اور ملتان کے نوجوانوں میں کھیلوں کے میدان میں ٹیلنٹ کے فروغ کے لئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔

 ندیم قریشی نے کہا کہ پنجاب حکومت  فنکاروں کی فلاح و بہود کے لئے انہیں ماہانہ الاونس دے رہی ہے،حکومت نے آرٹ کے شعبے میں ٹیلنٹ ہنٹ کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے زندگی کے تمام شعبے متاثر ہوئے تھے، حکومت نے زندگی  کے تمام شعبوں میں سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔انہوں نے  کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا ویکسی نیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے  نمائشی میچ بھی کھیلا۔