مظفرگڑھ شہر کی تعمیرو ترقی کیلئے ایشیائی ترقیات بینک کے تعاون سے ماسٹر پلان تیار ی کا عمل شروع ہوچکا ہے: جام آفتاب حسین

48

مظفرگڑھ، 9فروری(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ شہر کی تعمیرو ترقی کیلئے ایشیائی ترقیات بینک کے تعاون سے ماسٹر پلان تیار ی کا عمل شروع ہوچکا ہے، جس کے تحت مظفرگڑھ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں 10ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ یہ پلان مظفرگڑھ شہر کی 30سالہ ضروریات کو مد نظر رکھ کر بنایا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کی تیاری او ر اس پر عمل درآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمے ہر ممکن تعاون کریں گے اور تمام معلومات فراہم کریں گے تاکہ ماسٹر پلان کی تیاری کے بعد جلد سے جلد اس پر عمل ہو اور ترقیاتی منصوبے شروع ہوں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر احمد سہو، ایس ڈی او ہائی وے عبدالعزید، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد شعیب فیاض، میونسپل آفیسر ملک محبوب احمد۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندگان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ماحولیات، ہائی وے کے افسران سیکرٹری آرٹی اے، ڈی ایس پی ٹریفک نے اپنے اپنے محکموں کے ذمہ داریوں، وسائل اور مسائل کے بارے میں بریفنگ دی اور ماسٹر پلان کی تیاری میں اپنی اپنی تجاویز پیش کی۔ واضح رہے کہ  مظفرگڑھ شہر کی تعمیرو ترقی کیلئے بنائے جانے والے ماسٹر پلان میں سیوریج، ویسٹ منیجمنٹ، واٹر سپلائی، جنرل بس سٹینڈ، اندرون شہر شاہرات کی تعمیرو مرمت، اربن ٹرانسپورٹ، پاکس اور سر سبز مظفرگڑھ کے منصوبے شامل ہونگے۔ اس پروگرام سے نہ صرف شہر کی ترقی ہوگی بلکہ شہر کی عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے، عوام کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر ہونگے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے مزید کہا کہمنصوبہ جات کی تکمیل میں وقت کو ضائع نہیں کیا جائے گا، کم سے کم وقت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہونگی۔