معاشرے میں پھیلی ہوئی بے چینی کا سبب فطرت کے خلاف زندگی  اورگناہوں کی کثرت کا ہونا ہے ؛حکیم محمد طارق محمود چغتائی

113

سکھر،27 فروری ( اے پی پی ): شیخ الوظائف حکیم محمد طارق محمود چغتائی نے کہا کہ آج معاشرے میں پھیلی ہوئی بے چینی کا سبب فطرت کے خلاف زندگی  اورگناہوں کی کثرت کا ہونا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں جسمانی طور پر نت نئی بیماریوں کا وجود آرہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہا انہوں نے غزنوی پارک سکھر میں خدام تسبیح خانہ خانقاءقادریہ ہجویریہ سکھر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک بڑے روحانی و اصلاحی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ممتاز مذہبی اسکالر شیخ الوظائف حکیم طارق محمود چغتائی کا مزید کہنا تھا کہ حصول جنت کیلئے معاشرتی برائیوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، مشکلات و پریشانیوں کا واحد حل قرآن شریف میں موجود ہے، اللہ کی خوشنودی کیلئے دینی پروگراموں کا انعقاد نہایت ضروری ہے ہمیں اپنی اصلاح کرنی ہوگی اور دین کے بتائے ہوئے راستوں کو اپنانا ہوگا تاکہ لذت جنت کا مزہ چکھا جا سکے، برائیوں کے خاتمے اور دینی اجتماعات کے سلسلے میں ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

 اجتماع میں شیخ الوظائف حضرت حکیم محمد طارق محمود چغتائی نے شرکاءکو مختلف بیماریوں اور پریشانیوں کے خاتمے کیلئے وظائف بھی بتائے اور اختتام اجتماع ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

منتظمین اجتماع کی جانب سے خواتین کیلئے قریبی تعلیمی درسگاہ میں بیان سننے کیلئے بھی انتظامات کئے گئے تھے،اجتماع میں سکھر اور اسکے گردنواح کے مختلف علاقوں کے سیکٹروں افراد نے شرکت کی اور روحانی و اصلاحی بیان سے استفادہ حاصل کیا۔

 اس موقع پر  سکھر انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ خدام تسبیح خانہ خانقاءقادریہ ہجویریہ سکھر کے رضار کار بھی شرکاءکی خدمت اور رہنمائی کیلئے موجود رہے۔