مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزیوں پر بڑی طاقتوں کی خاموشی اور بے حسی تاریخ کا المیہ ہے ؛و زیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

133

کوئٹہ، 05 فروری(اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، بھارت کے تنگ نظر اور فاشسٹ حکمرانوں نے گذشتہ کئی مہینوں سے کشمیر کی حسین وادی کو جیل خانے میں تبدیل کررکھا ہے،مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزیوں پر بڑی طاقتوں کی خاموشی اور بے حسی تاریخ کا المیہ ہے ۔

وزیر اعلی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صوبائی اسمبلی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کی سیکورٹی فورسز نے کشمیر میں ظلم و ستم کا جو بازار گرم کررکھا ہے اور اس کے نتیجے میں وہاں جو انسانی المیہ جنم لے رہا ،اس کے خلاف آواز اٹھانے کی دنیا بھرکے انصاف پسنداور باضمیر لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا ایک مقصد دنیا کو حقائق سے آگاہ کرنا اور مظلوم کشمیری عوام کی حمایت کیلئے ان کے ضمیر کو جگانا ہے۔

 وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے اور بہت جلد ہمارے کشمیری بھائی بھارت کے ظلم سے آزاد اور کھلی فضاءمیں سانس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ظلم و جبر کرنے والوں کی تاریخ سیاہ ہے مودی کا اصل چہرہ واضح ہوچکا ہے اور پاکستان اور بلوچستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبائی وزراءکے ہمراہ ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء کمشنر کوئٹہ ڈویژن سمیت کشمیری عوام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد  نے شرکت کی۔