پنجاب حکومت کی ہدایت پر  اوکاڑہ پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں فراہم کر دی  گئیں

102

اوکاڑہ،06فروری(اے پی پی ):پنجاب حکومت کی ہدایت پر آئی جی پنجاب انعام غنی نے اوکاڑہ پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں فراہم کر دیں۔ آر پی او ساہیوال احمد ارسلان اورڈی پی او اوکاڑہ فیصل شہزادنے طیب شہیدپولیس لائن میں منعقدہ تقریب میں پولیس پٹرولنگ کے لیے نئی گاڑیوں کی تقسیم کی۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال احمد ارسلان ملک نے کہا کہ پولیس فورس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اورضلع میں امن و امان کو یقینی بنانے، جرائم کنٹرول کرنے اور پولیس گشت موثر بنانے کے لیے نئی گاڑیاں متعلقہ ایس ایچ اوز کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔

آر پی او ساہیوال احمد ارسلان نے کہا کہ پولیس کے لئے میڈیا پرسن آنکھوں کا کام دیتے ہیں اس لئےجرائم کنٹرول کے لیے عوامی نمائندگان اور میڈیا کی رائے کو مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں  نے کہا کہ پہلے فیز میں آئی جی پنجاب نے ضلع اوکاڑہ پولیس کے 12 تھانوں کو نئی گاڑیاں فراہم کی ہیں جبکہ اگلے فیز میں مزید سات تھانوں کے ساتھ ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کو نئی گاڑیوں کی فراہمی کے لیے ریکویسٹ بھجوائی جائے گی تاکہ پولیس اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے سرانجام دے سکیں اور ان کومسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 آر پی او احمد ارسلان کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کی فیملی کے ممبران ہمارا خاندان ہیں جن کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

 کرائم میٹنگ کے حوالے سے ڈی پی او فیصل شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا جرائم کے خاتمہ کے لئے اوکاڑہ پولیس متحرک ہے، آر پی او احمد ارسلان ملک نے  ڈی پی او فیصل شہزاد،ایس پی عبداللہ لک اورتمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ اوکاڑہ کے پولیس افسران پنجاب بھر میں جرائم کنٹرول کرنے کے حوالہ سے جو اعزاز رکھتے ہیں اس کو برقرار رکھتے ہوئے مزید بہتر کام کریں۔

 قبل ازیں ضلع اوکاڑہ آمد پرپولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔بعدازاں آر پی او احمد ارسلان نے ڈی پی او فیصل شہزاد کے ہمراہ یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر اور اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

 انہوں نے ،کرائم میٹنگ،عوامی نمائندگان،امن کمیٹی کے اراکین،تاجر یونین اور صحافیوں سے خصوصی ملاقات کی۔