ڈپٹی کمشنر ملتان نے شہر کی100 چکیوں کو سرکاری کوٹے سے گندم کی فراہمی کا میکانزم تیار کرنے کی ہدایت کر دی

66

 

ملتان، 10فروری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک  نے شہر کی100 چکیوں کو سرکاری کوٹے سے گندم کی فراہمی کا میکانزم تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں بھی  شہریوں کو 20 کلو آٹے کا تھیلا860 روپے میں فراہم کیا جائے گا۔

یہ ہدایت  ڈپٹی کمشنر عامر خٹک   نے  چکی مالکان کی  ایسوسی ایشن کے عہدیداران  سے   ملاقات کے  دوران   دی ۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ضلع میں آٹےکا کوئی بحران پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں  نے کہا کہ محکمہ خوراک کے پاس6 لاکھ بوری گندم کا سٹاک موجود ہے، موجودہ سٹاک ضلع ملتان کی آبادی کے لئے ماہ اپریل تک کافی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مارچ میں سندھ میں گندم کی فصل تیار ہو جاتی ہے ۔ انہوں  نے  محکمہ خوراک کوچکیوں کو گندم کا کوٹا فراہم کرنے کا طریقہ کار طے کرنے  کی   بھی  ہدایت کی اور کہا  کہ  ہر چکی کو روزانہ3 بوری گندم کا کوٹہ فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا گلیوں محلوں میں غریب شہری کم مقدار میں آٹا چکیوں سے خریدتے ہیں، سرکاری کوٹے سے گندم کی فراہمی سے چکی مالکان کو بھی روزگار ملے گا ۔انہوں  نے کہا کہ چکی مالکان نے ہمیشہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کیا ہے،گندم کے سرکاری کوٹہ ملنے پر چکی مالکان آٹا سرکاری ریٹ پر فروخت کرنے کے پابند ہونگے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام مالکان چکیوں کے باہر آٹے کی سرکاری قیمت کے پینا فلیکس آویزاں کریں گے،

ڈی ایف سی احمد جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کے80 سیل پوائنٹس پرآٹے کے 30 ہزار بیگ روزانہ  فراہم کئے جارہے ہیں ، شہر میں فلور ملز مالکان بھی ڈیلرز کے ذریعے  مختلف شاپس پر آٹا سپلائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی ہر فلور مل کی مانیٹرنگ کے لئے محکمہ فوڈ کے انسپکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔