کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے محکمہ صحت کے اہلکاروں کوکرونا ویکسین لگا دی گئی

168

چترال، 25 فروری (اے پی پی):  کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو کرونا ویکسین لگانے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال میں اس سلسلے میں باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزادہ حیدرا لملک، ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بھی شر کت کی۔

 سب سے  پہلے  ڈی ایچ او  چترال ڈاکٹر حیدر الملک کو یہ ویکسین لگائی گئی، اس کے بعد ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم  اور دیگر ڈاکٹروں  کو بھی یہ ویکسین لگائی گئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزادہ حیدر الملک  نے بتایا کہ فی الحال یہ ویکسین ڈاکٹروں اور ہیلتھ عملہ کیلئے آئی ہوئی   ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین فی الحال مفت ہے۔ چترال میں سات ویکسینیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں  جو ارندو، کوغذی،آیون، دروش، گرم چشمہ،  اور دو مراکز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں کھول دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی کھیپ میں چار سو ویکسین بھیج دی گئیں ہیں۔

ڈی ایچ او نے مزید   کہا کہ سب سے پہلے میں نے ویکسین لگوائی  اور اس کا کوئی سائڈ ایفیکٹ  نہیں ہوا۔ انہوں نے عوام کو پیغام دیا  کہ یہ ویکسینیشن واحد ذریعہ ہے  جس کے ذریعے ہم کرونا وائرس کے خلاف لڑ سکتے ہیں ۔انہوں نے عوام سے  اپیل کی کہ اس ویکسین کے بارے میں ذہن میں کوئی شکوک و شبہات پیدا نہ کریں اور نہ  ہی اس کے خلاف کوئی منفی پراپیگنڈہ کریں۔