ہر پاکستانی آزادی کی جدوجہد میں کشمیر ی عوام کیساتھ ہے؛ڈپٹی کمشنر نارووال ظہیر حسن

67

نارووال،05فروری( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر  ظہیر حسن، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی  رہنما م جاوید صفدر و دیگر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام طویل عرصہ سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں، 5 اگست 2019 سے بھارتی فوج کی ظالمانہ کاروائیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، مودی حکومت وادی میں آبادی کا تناسب بدلنے کیلئے متنازعہ قوانین نافذ کر رہی ہے، مصبیت کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی آزادی کی جدوجہد میں کشمیر ی عوام کیساتھ ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سرکار ی سطح پر منعقدہ ایک بہت بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بھارت نے کشمیر میں 9لاکھ سے زائد فوج کے ذریعے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے، بلا جواز گرفتاریاں، تشدد، خواتین،بزرگوں سے مظالم بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے نشے میں کشمیریوں پر جو مظالم ڈھا رکھے ہیں، ان پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے، اسی نوعیت کا اقدامات کسی غیر مسلم کے خلاف کسی مسلم ریاست میں ہوتا تو عالمی برادری کا ردعمل مختلف ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور کشمیریوں کو آزادی کی اس جدوجہد میں مایوس نہیں ہونا، ہمیں جدوجہد مسلسل کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہنا ہے وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کاز کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ موثر ترین انداز میں پیش کیا ہے، حکومت پاکستان کی کوششوں سے 50سال بعد مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔

ریلی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال سے شروع ہو کر جسٹر بائی پاس پر اختتام پذیر ہوئی ،ریلی میں تمام محکموں اور سول سوسائٹی کی طرف سے فلیکسز، بینرز اور کتبے نمایاں طور پر آویزاں کئے گئے تھے جن پر اظہار یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

ریلی میں ڈی پی او سید علی اکبر،اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر ،اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری،ضلعی چیئرمین زکوة کمیٹی خالد جاوید سٹھیالہ،ضلعی کوارڈنیٹر ہلال احمر نواب محمد علی،ضلعی کوارڈی نیٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مختار احمد بھولا ممبر اوور سیز کمیٹی سید دیباج شاہ ،فوکل پرسن ٹائیگر فورس مرتضی کھوکھر سمیت تمام محکموں کے افسران و سٹاف کے علاوہ سیاسی، سماجی ،مذہبی و صحافتی تنظیموں کے علاوہ طلباء اور شہریوں نے کیثر تعداد میں شرکت کی۔

 شکرگڑھ اور ظفروال میں بھی ڈپٹی کمشنر کی سربراہی اور اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا-