وزیر اعلی  سردار عثمان بزدار نے  فیصل آباد براستہ چنیوٹ سرگودھا روڈ کی منظوری دے دی،70 کروڑ روپے لاگت آئی گی

94

چنیوٹ،30مارچ  (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ضلع چنیوٹ کے دیرنیہ مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے فیصل آباد براستہ چنیوٹ سرگودھا روڈ کی منظوری دے دی ہے جبکہ چنیوٹ میں 250 بیڈ پر نیا ڈی ایچ کیو قائم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسٹ ہاوس چنیوٹ میں منگل کے روز ضلع چنیوٹ کی تاریخ میں پہلی بار گیارہ ارب کے ضلعی ترقیاتی پیکچ کا اعلان کرتے ہو ئے کیا۔

  وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ ماضی میں صوبہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو نظر انداذ کیا جاتا رہا ہے اب صوبہ کے ہر ضلع کیلئے الگ پیکج کااعلان کر رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر ضلع اور تحصیل کے منصوبوں کا فیصلہ  منتخب نمائندوں سے مل کر کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چنیوٹ فیصل آباد 67 کلو میٹر طویل روڈ پبلک پرائیوٹ منصوبے کے تحت  مکمل کیا جائے گا جس پر 12 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئی گی جس میں 4.5 ارب چنیوٹ کا حصہ ہو گا،پنڈی بھٹیاں چنیوٹ روڈ پر بھی جلد نیا بنایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 250 بیڈپر مشتمل نئے ڈی ایچ کیو   قائم کیا جائے گا، اس کے علاوہ اسی ہسپتال میں کارڈ یالوجی شعبہ بھی قائم ہو گا، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس کمپلیکس،ڈسٹرکٹ کمپلیکس بھی جلد قائم ہوگا جس کے لیے زمین کا تعین کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کالوال  لالیاں میں گورنمنٹ بوائز  ڈگری کالج کے لیے 25 کروڑ،گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین منگوآنہ کے لیے 25 کروڑ، بھوانہ میں سیوریج منصوبہ کے لیے 23 کروڑ مختص کیے گئے ہیں جبکہ بھوانہ میں نئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ اس سال کے آخر تک پورے صوبے کی عوام کو صحت کارڈ کی سہولت حاصل ہو جائے گی جس سے عوام کو علاج کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی جبکہ چنیوٹ میں صحافی کالونی کے قیام کے سلسلہ میں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان لاہور میں چنیوٹ کے صحافیوں کو بلا کر مشاورت کریں گی۔

اس موقع  پر مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعلی پورے صوبے میں یکساں ترقی کا مشن لے کر نکلے ہیں، عمران خان کا بھی قوم سے وعدہ ہے کی کسی علاقے کو نظر انذاز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمراں چنیوٹ میں سونے کے ذخائر نکالنے آئے تھے مگر اس کو مٹی بنا کر چلے گئے۔