وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےپاکستان میں تعینات مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق داہروگ    کی ملاقات

40

اسلام آباد۔2مارچ  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےپاکستان میں تعینات مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق داہروگ نے منگل کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور مصرکے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصرکے مابین دیرینہ،تاریخی برادرانہ ہیں۔دونوں ممالک کی عوام کے درمیان پائی جانے والی مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی ان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور منفرد بناتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک بین الاقوامی امور پر اکثر یکساں موقف کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتح السیسی اور مصری وزیر خارجہ سامع شکری کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتیں انتہائی سود مند رہیں ۔دورہ مصر کے دوران مجھے سیکرٹری جنرل عرب لیگ احمد ابوالغیط کے ساتھ ملاقات اور تبادلہ ئ_ خیال کا موقع میسر آیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے پر عزم ہیں۔مصری سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مصری حکومت کی جانب سے مصر میں منعقدہ دو طرفہ مشاورت کیلئے وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کو دی جانے والی دعوت سے آگاہ کیا۔مصر کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ساجد بلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔