پشاور: آٹے میں نمی کی مقدار میں اضاف،3 فلور ملز پر جرمانے عائد

61

پشاور، 2مارچ(اے پی پی): محکمہ خوراک نے فلور ملز میں آٹے میں نمی کی مقدار میں اضافہ کرنے پر تین فلور ملز مالکان پر بھاری جرمانے عائد کردیئے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے مشترکہ طور پر پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملز کا دورہ کیا جہاں پر گندم کی پسائی و آٹے کی ترسیل کے ریکارڈ کا جائزہ لیا لیا گیا ۔آٹے میں نمی کو چیک کیا جہاں پر تین فلور ملز میں آٹے میں مقررہ 13.5 سے زیادہ مقدار 15.5 اور 16 فیصد میں نمی پائی گئی جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تین فلور ملز مالکان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانے عائد کردیئے اور مالکان کو وارننگ دی گئی کہ اگر انہوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو فلور ملز کو سیل کیا جائیگا۔

 وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر آٹے کی ترسیل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ آٹے میں مقدار سے زیادہ نمی پیدا کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملز مالکان آٹے کی ترسیل اور گندم کی پسائی کا ریکارڈ اپنے پاس رکھیں، ریکارڈ کی عدم موجودگی میں فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ فلور ملز مالکان آٹے میں مقررہ مقدار میں نمی کو برقرار رکھیں جبکہ اس میں اضافہ کرنے والے قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف اوقات میں کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے جبکہ مرتکب افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔