کورونا  کے سدباب کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے؛صوبائی وزیر  شوکت علی لالیکا

33

رحیم یار خان، 30مارچ(اے پی پی):صوبائی وزیر عشر و زکوة پنجاب شوکت علی لالیکا کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس  ہوا،اجلاس میں ارکان موبائل امن کمیٹی، انجمن تاجران، مارکیٹ کمیٹی ، محکمہ ہیلتھ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے

صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ   کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے سدباب کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد ہے علماء کرام اور تاجر برادری حکومت کے دست بازو بنیں، ہم نے عبادات کورونا ایس او پیز کے ساتھ جاری رکھنی ہیں۔

صوبائی وزیر عشر و زکوة  نے کہا کہ امن و امان ، روداری ، محبت و خلوص کی فضا کو ہمہ وقت برقرار رکھنا ہے، مساجد اور عبادتگاہوں کے حوالے سے حکومت نے ایس او پیز جاری کی ہیں علماء کرام عمل درآمد کرائیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مارکیٹ و بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں، تاجر برادری کو غیر ضروری جرمانوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا جبکہ  تاجر برادری ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی از خود نشاندہی کرے ۔

صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے کہا کہ  رمضان المبارک میں اشیاء روز مرہ کی مصنوعی قلت اور مہنگائی نہیں ہونے دی جائے گی، افسران اشیاء روز مرہ کی قیمتوں ، طلب و رسد پر کڑی نظر رکھیں، سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی ایک وقت مارکیٹ کمیٹی اور انتظامیہ کے افسران کی نگرانی میں ہو گی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پولیس کی مدد فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ  ضلع میں امن و امان اور بین المذاہب کی مثالی فضاء قائم ہے، قیام امن میں ممبران امن ، بین المذاہب کمیٹی کے ممبران کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ضلع میں 11 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔

اجلاس میں علماء کرام اور تاجر برادری نے حکومت اور انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں  ایم پی اے چوہدری محمد شفیق ، ایم پی اے چوہدری مسعود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی شریک تھے۔