گلگت بلتستان میں پہلی بار شجرکاری مہم کے تحت تین دنوں میں 20 لاکھ درخت لگائے جائیں گے: وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید

62

گلگت ، 2 مارچ (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ 21مارچ سے 23مارچ تک نوروزاور جشن بہاراں کی تقریبات کو شجرکاری سے منسلک کیا گیا ہے۔ گلگت  بلتستان میں پہلی بار شجرکاری مہم کے تحت تین دنوں میں 20 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ اس مہم میں محکمہ پولیس، سکولوں اور کالجوں کے طالب علموں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے گا۔ سوشل فاریسٹری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ موزوں پہاڑی علاقوں میں جنگلات اُگانے کیلئے بیچ ڈالے جائیں گے۔ گلوبل وارمنگ سے گلگت  بلتستان متاثر ہورہاہے اور یہاں کے گلیشئرز پگھل رہے ہیں۔ وسیع پیمانے پر شجرکاری اور جنگلات کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے۔ دریائی کٹاؤ کے وجہ سے بھی گلگت  بلتستان میں بڑے پیمانے پر نقصان ہورہاہے۔ شجرکاری کے ذریعے دریائی کٹاؤ کو بھی روکا جاسکتا ہے لہٰذا محکمہ جنگلات و جنگلی حیات ترجیحی بنیادوں پر دریائی کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری پر توجہ دے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے شجرکاری مہم کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے سیکریٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ جنگلات کے فروغ کیلئے واضح روڈ میپ تیار کیا جائے تاکہ ایک سمت کا تعین کیا جاسکے۔ شجرکاری اور جنگلات کیلئے گلگت  بلتستان کی دستیاب کل زمین کا مکمل ڈیٹا تیار کیا جائے۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات راجہ ذکریانے بھی شرکت کی۔