جلال پور:اغواء کا مقدمہ درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر بازیاب ہونے والے 3بچے ورثاء کے حوالے

10

جلالپور، 22 اپریل (اے پی پی): جلال پورپیروالہ، صدر میں گزشتہ روز موضع کوٹلی عادل کی سکینہ بی بی نے مقدمہ درج کروایا تھا کہ 20 اپریل کی صبح اس کا 5 سالہ بیٹا عباس، ساڑھے 4 سالہ بھانجا واصف اور 9 سالہ بھانجا کاشف گھر سے غائب پائے گئے، سکینہ بی بی نے بستی گھڑیول شاہ والہ  کے محمد موسیٰ ، عباس کھوکھر، اللہ ڈتہ اور مختیار  پر بچوں کے اغوا کا الزام لگاتےہوئے مؤقف اختیار کیا کہ موسیٰ کے بیٹے عامر نے اس کے دیور سلیم پر تیزاب پھینکا تھا جس پر عدالت نے موسیٰ کو سزا سنا دی تھی اب موسیٰ وغیرہ صلح کے لیے دباو ڈال رہے تھے بچوں کے اغوا کا مقصد بھی یہی تھا۔

مقدمہ کے درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر پولیس نے تینوں بچوں کو  ورثا کے حوالے کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس ٹیم نے بچوں کو ان کے گھر سے چند کلومیٹر دور دریائی علاقے سے تلاش کیا ہے، دوسری جانب بچوں کے ماموں محمد رمضان نے بتایا کہ آج انہیں فون پر کسی نے بتایا کہ بچے  دریا کے قریب بستی کھوجے میں موجود ہیں انہیں لے جائیں جس پر پولیس کو فون پر ملنے والی اطلاع سے آگاہ کیا گیا پولیس کی ٹیم ورثا کے ہمراہ مذکورہ مقام پر پہنچی اور بچوں کو تھانے لانے کے بعد  انہیں ورثا کے حوالے کر دیا، محمد رمضان کے مطابق مخالفین نے بچوں کو اغوا کرنے کے بعد مقدمہ درج ہونے پر ملزمان نے پولیس کاروائی سے بچنے کے لیے خود ہی بچے چھوڑ دئیے، جبکہ پولیس کے مطابق بچوں نے خود بتایا ہے کہ انہیں کوئی زبردستی لے کر نہیں گیا