حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے تعاون سے 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین  کی رجسٹریشن کی تصدیق کی ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا

28

اسلام آباد،15اپریل  (اے پی پی):حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے تعاون سے 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین  کی رجسٹریشن کی تصدیق کی ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت افغان مہاجرین کو نئے سمارٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

 وفاقی  وزیر سفیران صاحبزادہ محبوب سلطان نے افغان مہاجرین کی شناختی دستاویزات  اور معلومات کی تصدیق کی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین  کے نمائندے نوریکو یوشیدا اور افغان مہاجرین کیلئے چیف کمشنر سلیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 6 ماہ کی اس مہم کے دوران ان افغان مہاجرین جو مصدقہ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (پی او آر) کے حامل ہیں، کو سمارٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور 10 سال پہلے گذشتہ تصدیق کے عمل سے اب تک بہت سی تبدیلیاں لائی گئی ہیں، یہ بات بہت اہمیت کی حامل ہے کہ ہم افغان مہاجرین سے متعلق درست اعداد و شمار اور کوائف اکٹھے کریں تاکہ ان کی بہتری کی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکے۔ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ دنیا میں افغان مہاجرین کی ابتر صورتحال کے حوالہ سے پاکستان ایسا ملک ہے جو دہائیوں سے بھرپور انداز میں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور افغان مہاجرین کو ہر قسم کی معاونت اور تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ عالمی برادری کیلئے بھی یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ وہ آگے بڑھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرےاور افغان مہاجرین کے مسئلہ کا بہترین حل تلاش کرے۔

وفاقی وزیر سفیران نے کارڈ ہولڈرافغان مہاجرین  پر بھی زور دیا کہ  وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور سمارٹ کارڈ حاصل کریں تاہم اس مہم کے دوران کووڈ۔19 سے بچائو کے ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

یو این ایچ سی آر کے نمائند ہ نوریکو یوشیدا نے مہم کا خیرمقدم کیا اور  کہا کہ اس مہم کے ذریعے ہر ایک تک پہنچا جائے گا جس سے افغان مہاجرین کو تیز رفتار محفوظ اور بہتر رسائی کی خدمات بشمول تعلیمی اداروں ، ہسپتالوں اور بینکوں تک رسائی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ  موجودہ ڈیٹا کی تصدیق کے علاوہ اس مہم کے دوران افغان مہاجرین کے ہنرمندی ، تعلیمی حیثیت ، سماجی اقتصادی حالات و واقعات سے متعلق تمام معلومات بھی حاصل ہوں گی جس سے پاکستان اور افغانستان میں ان کے معیار زندگی ، صحت اور تعلیم  کے اہداف کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

   ملک بھر میں اس مہم کیلئے 35 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں 600 سے زائد مرد و خواتین کا عملہ تعینات کیا گیا ہے جس میں حکومت اور یو این ایچ سی آر کے نمائندے شامل ہیں جبکہ افغان مہاجرین کی سہولت کیلئے موبائل رجسٹریشن وہیکلز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔  مہم  کا مقصد سلوشن سٹرٹیجی فار افغان رفیوجیز (ایس ایس اے آر) کیلئے معاون پلیٹ فارم کے ذریعے افغان مہاجرین کی معاونت کی کوششوں کو وسعت دینا بھی ہے۔