خواتین کے تحفظ اور ہراسگی  کی روک تھام کیلئے وومن سنٹر کو فعال کیا جائے  ؛ ایڈیشنل آئی  جی کیپٹن (ر )ظفر اقبال اعوان

31

ملتان، 22 اپریل (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن (ر )ظفر اقبال اعوان نے خواتین کیخلاف جرائم کیخلاف سخت کارروائی کا حکم  دیتے ہوئے کہا ہے کہ  خواتین کے تحفظ اور ہراسگی  کی روک تھام کیلئے وومن سنٹر کو فعال کیا جائے  ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو یہاں انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کےدورہ  کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ وومن سنٹر کا دائرہ کار پنجاب کی سطح پر بڑھانے کیلئے حکومت کو سفارشات بھیجیں گےجبکہ  وومن سنٹر میں ایک چھت تلے میڈیکل اور تفتیش کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے وومن سنٹر کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا جہاں منیجر وومن سنٹر منیزہ بٹ نے سنٹر کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ کیپٹن( ر) ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ خواتین کے خلاف جنسی جرائم کے مرتکب افراد کسی رعایت کے حقدار نہیں ، تھانوں سے ہراسگی  و جنسی تشدد کے کیسز وومن سنٹر ریفر کرنے کی حکمت عملی وضح کی  جائے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب  کاکہنا تھا کہ وومن سنٹر میں زیر تفتیش مقدمات کی فوری پیروی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ خواتین بلا خوف و خطر  اپنے خلاف جنسی و ذہنی  ہراسگی  کی شکایات درج کرائیں۔

اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آپریشنز سید غضنفر علی شاہ اور اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل حسن رضا بھی انکے ہمراہ تھے۔