پاکستان تجارت کو فروغ دینے کےلئے افغانستان کے راستے وسط ایشیا ممالک تک رسائی کا خواہاں ہے؛اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

13

صوابی،13اپریل(اے پی پی ) :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تجارت کو فروغ دینے کےلئے افغانستان کے راستے وسط ایشیا ممالک تک رسائی کا خواہاں ہےجبکہ رسائی کےلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔

منگل کو یہاں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغانستان میں امن آنے سے روزگار کے مواقع،ترقی و خوشحالی آئے گی اورافغانستان میں امن کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان سنجیدہ ہیں۔انہوں  نے کہاکہ کورونا دباؤ کم ہونے پر عمران خان رشکئی اکنامک زون کا افتتاح کرینگے،حکومت نے بلوچستان اورکراچی کو ترقی کا بڑا پیکج دیا۔

اسپیکر نے  کہاکہ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں بھی ترقیاتی کام ہورہے ہیں اورگدون صنعتی بستی کو موٹر وے کےساتھ منسلک کیا جارہا ہے۔

تقریب سے سابق آئی ایس آئی چیف میجر ریٹائر محمد عامر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے جنگ کا میدان ذہن سازی اور تاثرسازی ہے۔آج کے دور میں برائیوں کو ختم اور کم کرنے کی ذمہ داری سیاسی و مذہبی قیادت کی ہے۔جو بھی پختونوں کو پاکستان کےساتھ زیادہ جوڑے گاوہی اصل قوم پرست ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے۔ریاست کو بھی وطن دشمنی اور غداری کے اسناد بانٹنا بند کردینا چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےصوابی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کی نو منتخب کا بینہ سے حلف لیا اور انکو مبارکباد دی۔

 تقریب میں ڈپٹی کمشنر صوابی شاہد محمود،ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان،وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ڈاکٹر شاہانہ عروج   بھی شامل تھے۔