کمشنر ملتان سے  ممبران صوبائی اسمبلی کی ملاقات ، ترقیاتی منصوبوں سمیت رمضان بازاروں سے متعلق امور زیر بحث آئے

33

ملتان، 13 اپریل (اے پی پی):کمشنر ملتان سے ضلع ملتان کے ممبران صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب خطے کی ترقی کے خواہاں ہیں اور حکومت پنجاب کو شہریوں کے مسائل کا ادراک ہے، حل کرنے بارے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر اختر ملک نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے سرخ فیتہ کلچر کو دفن کر دیا ہے۔صوبائی وزیرقاسم لنگاہ نے کہا کہ نئی ترقیاتی سکیمیں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جارہی ہیں اور  عوام کے ٹیکس کی پائی پائی عوام پر خرچ ہورہی ہے۔

صوبائی وزیر سلیم لابر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود ،ترقی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ صوبائی وزیر واصف مظہر راں نے کہا کہ سکیموں کی تکمیل میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے اور  ترقیاتی سکیمیں مکمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہوگا۔

کمشنر جاوید اختر محمود نے ملاقات میں ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تاخیری ہربے یا سستی دکھانے والے افسران کو شوکاز دیا جائے گا۔انہوں نے کہا ادھورا کام چھوڑنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔

کمشنر نے کہا کہ ڈویژن میں 23، ضلع ملتان میں 11 رمضان بازار مکمل فعال کر دیے گئے ہیں ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حکم پر رمضان بازاروں میں13 اشیائے ضروریہ پر25فیصد سبسڈی دی گئی   ہے اور  ڈویژن کے تمام رمضان بازاروں میں فئیرپرائس شاپس قائم کردی گئیں ہیں۔انہوں  نے کہا کہ فیئر پرائش شاپس پر  اشیاء رمضان بازاروں سے بھی کم نرخ میں میسر ہیں۔

 ممبران صوبائی اسمبلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آلو فیئر پرائس شاپ پر35روپے،رمضان بازار میں44روپے اور عام مارکیٹ میں46 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے،فئیر پرائس شاپس پر آلو پر11 روپے فی کلو رعائت دی جارہی ہے،پیاز فئر پرائس شاپس پر 13روپے، رمضان بازار20روپے اور اوپن مارکیٹ میں22روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ فئیر پرائس شاپ پر ٹماٹر35روپے،رمضان بازار 44روپے اور اوپن مارکیٹ میں 46روپے فی کلو پر دستیاب ہے۔ فئیر پرائس شاپ پر ٹماٹر پر فی کلو11 روپے رعائت حاصل ہے۔ دال چنا فئیر پرائس شاپس پر92 روپے،رمضان بازار120روپے اور اوپن مارکیٹ میں122 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے، فی کلو دال چنا پر30 روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔بیسن فئیر پرائس شاپس پر92روپے،رمضان بازاروں میں121روپے اور اوپن مارکیٹ میں123 روپے فی کلو میں سیل کیا جارہا ہے، بیسن پر فی کلو 31 روپے رعائت حاصل ہے۔ان13 اشیاء کے علاوہ رمضان بازاروں میں کھانے پینے کی دیگر اشیاء بھی عام مارکیٹ سے بہت کم قیمت پر دستیاب ہیں، تمام رمضان بازاروں میں آئل ملوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز پر عام مارکیٹ سے گھی 15 روپے فی کلو کم قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔ رمضان بازاروں میں چینی65 روپے فی کلو اور10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

ملاقات میں ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی بھی موجود تھے۔