آغوش الخدمت ہوم پشاور کے 30طلبہ نے ناظرہ قرآن مکمل کر لیا

25

پشاور، 19جون(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن کے تحت یتیم بچوں کی کفالت کے لئے پشاور میں قائم آغوش الخدمت ہوم میں زیر کفالت 30بچوں نے ناظرہ قرآن مکمل کر لیا ۔اس سلسلے میں آغوش ہوم سردار گڑھی جی ٹی روڈ پشاور میں الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی زیر صدارت قرآن کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والےآغوش ہوم کے 30طلباء کو شیخ القرآن مولانا محمد اسماعیل نے قرآن پاک کے آخری سورتیں پڑھا کر ختم ناظرہ قرآن کی تکمیل کرائی گئی۔

اس موقع پرصوبے کے سابق چیف خطیب ممتاز عالم دین اور تفہم دین اکیڈمی پشاور کے ڈائریکٹر شیخ القرآن حضرت مولانا محمد اسماعیل مہمان خصوصی تھے، جنھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ قرآنی تعلیمات پوری انسانیت کے لئے مشغل راہ ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قرآنی تعلیمات کوعام کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں کیونکہ دنیا اور آخرت کی کامیابی کا راز قرآن میں موجود ہے۔

دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنی تعلیمات نے بہت سارے قوموں کی زندگی کو تبدیل کردیا  ہےاور وہ جہالت کے اندھیروں سے علم کی روشنی سے منور ہوگئے ہیں۔  اس موقع پر ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ کو انعامات اور سرٹیفیکٹس بھی دیئے گئے۔

تقریب میں مولانا ہدایت اللہ، تاجر رہنما احتشام حلیم، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی نائب صدر فدا محمد خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ حمید اللہ،پروفیسر فخر عالم اور آغوش ہوم پشاور کے ایڈمنسٹریٹر محمد ظہور سمیت دیگر سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔